کاروار:4/مارچ (ایس او نیوز) پی یو سی دوم کے سالانہ امتحانات 9مارچ سے شروع ہونے جارہے ہیں۔ اترکنڑا ضلع میں امتحانات پورے نظم وضبط اور شفافیت کے ساتھ انجام دینے کے لئے تیاریاں مکمل کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے افسران کو ہدایات جاری کی ہیں۔
ضلع کے ڈپٹی کمشنر ایس نکول نے بتایا کہ ضلعاترکنڑا کے کل 29امتحانی مراکز میں پی یوسی دوم کے امتحانات 9مارچ سے 27مارچ تک ہونگے۔ امسال ضلع سے کل 15942طلبا امتحان میں شریک ہونگے جن میں 13369طلبا پہلی مرتبہ امتحان کا سامنا کریں گے تو 1606ریپیٹرس اور 967پرانے طلبا امتحان لکھیں گے۔ اگر شعبہ جات کی بات کریں توآرٹس میں 4705۔ کامرس میں 7237 اور سائنس میں 4ہزار طلبا شامل ہیں۔ جنسی شرح دیکھیں تو کل طلبا میں سے 7155طلبا اور 8787طالبات ہیں۔ ڈی سی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ پرامن ماحول میں امتحانات منعقد کریں ، طلبا کو نقل کرنےکے لئے کوئی موقع نہ دیں اور اور جن طلبا کو امتحان کے لئے اہل قرار دیا گیا ہے، اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہی طلبا شریک ہوکر امتحان دیں۔
امتحانی مراکز کے باہر غیر قانونی حرکات پر کڑی نگرانی رکھنے کی بات کہتے ہوئے ڈی سی نے آفسران سے کہاکہ امتحانی مراکز کے ذمہ دار غیر قانونی حرکات کو چلنےنہ دیں، امتحانی مراکز کے اطراف امتحانات کے دوران سی آر پی سی دفعہ 144کو جاری کرتے ہوئے امتناعی احکامات نافذ کرنے کی ہدایات دیں۔ 200میٹر پر محیط تمام زیراکس مراکز کو بند کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ واضح رہے کہ بھٹکل تعلقہ میں انجمن پی یوکالج، جنتاودیالیا شرالی، آر این شٹی کالج مرڈیشور اور دی نیو انگلش پی یو کالج میں امتحانی مراکزقائم کئے گئے ہیں۔